بھوپال،18/ مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش کے چیف الیکشن افسر نے لوک سبھا انتخابات میں بھوپال سے بی جے پی امیدوار سادھوی پرگیہ ٹھاکر کے ناتھورام گوڑسے پر دیئے بیان پر اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھیج دی ہے۔ سادھوی نے جمعرات کو مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڑسے ککو دیش بھکت بتایا تھا حالانکہ بعد میں انہوں نے اپنے بیان پر معافی بھی مانگ لی تھی۔ریاست کے چیف الیکشن افسر سی ای او وی ایل ککانتا راؤسے پرگیہ کے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ ہم نے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو رپورٹ بھیج دی ہے۔ رپورٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی طرف سے اس پر کوئی فیصلہ لیے جانے کے بعد ہم معلومات دیں گے۔اس سے پہلے، سی ای او نے اگر مالوا ضلع کے الیکشن افسر سے پرگیہ ٹھاکر کے بیان پر رپورٹ طلب کی تھی۔ دیواس لوک سبھا سیٹ پر 19 مئی کو ہونے والے انتخابات کے لئے پارٹی امیدوار مہندر سولنکی کی حمایت میں اگر مالوا میں روڈ شو کر رہی پرگیہ نے جمعرات کو ایک سوال کے جواب میں کہا تھاکہ ناتھو رام گوڈسے محب وطن تھے، ہیں اور رہیں گے۔ گوڈسے کو دہشت گرد بولنے والے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں۔ اب کی بار انتخابات میں ایسا بولنے والوں کو جواب دے دیا جائے گا۔ یہ بیان منظر عام پر آنے کے بعد پرگیہ نے اس پر معافی مانگ لی۔ مدھیہ پردیش بی جے پی کے نائب صدر وجیس لناوت نے جمعرات کی رات ایک ویڈیو جاری کیا جس میں پرگیہ کہہ رہی کہ یہ میرا ذاتی بیان تھا۔ میں روڈ شو کر رہی تھی۔ اس دوران مجھے بھگوا دہشت گردی کے بارے میں سوال پوچھا گیا۔ یہ میرا فوری جواب تھا کیونکہ میں راستے میں تھی۔میں کسی کی روح کو ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتی تھی۔ میرے بیان سے اگر کسی کی روح کو ٹھیس پہنچی ہے تو میں معافی مانگتی ہوں۔ویڈیو میں انہوں نے کہاکہ میں گاندھی جی کا بہت احترام کرتی ہوں۔ گاندھی جی نے جو ملک کے لئے کیا ہے اس کوبھلایا نہیں جا سکتا ہے۔